بنگلورو17؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے نالوں پر قبضوں کو ہٹانے کی مہم جاری رہی۔مختلف مقامات پربی بی ایم پی کے انہدامی عملے نے اپنا کام جاری رکھا، آج راجہ راجیشوری نگر، مہادیو پورہ اور یلہنکا میں انہدامی کارروائی چلائی گئی۔راجہ راجیشوری نگر کے پنچ شیل نگر اور ہلگے ویڈر ہلی لے آؤٹس میں پندرہ سے زائد مکانات کو گرانے کیلئے جب بی بی ایم پی کا عملہ پہنچا تو مکان مالکان نے اپنے طور پر ان مکانات کو گرانے کی رضامندی ظاہر کی۔ ان میں بی ای ایم ایل کے ایک سابق ڈائرکٹر ، ایک وظیفہ یاب تحصیلدار بھی شامل تھے، آج صبح سے ان لوگوں نے اپنے خرچ پر عمارت منہدم کرنے کا کام برقرار رکھا۔بیمل لے آؤٹ میں مزوروں کے بارہ مکانات جزوی طور پر توڑ دئے گئے۔چار ماہ پہلے ہی دومنزلہ عمارتیں تیار کرکے یہ مکان مزدوروں کو دئے گئے تھے۔ نالے پر ان عمارتوں کی تعمیر کردئے جانے کی وجہ سے آج ان کے حصہ کو جزوی طور پر توڑ دیا گیا۔